بی جے پی ،شوسینا کے درمیان لفظی جنگ ختم کرنے کے لیے پی ایم او کی مداخلت چاہتی ہے این سی پی
ممبئی26جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)این سی پی نے بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان جاری لفظی جنگ کو مہاراشٹر کی ترقی کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کے لئے آج وزیر اعظم آفس(پی ایم او)کی مداخلت کا مطالبہ کیا۔اپوزیشن پارٹی این سی پی نے ساتھ ہی بی جے پی پر زور دیا کہ وہ شیوسینا کی منظوری ختم کرنے کا مطالبہ کرے۔این سی پی نے دلیل دی کہ شیوسینا کی طرف سے مبینہ طورپرمختلف گھوٹالوں میں سینکڑوں کروڑ روپے لوٹنے کی وجہ سے اسے آئندہ ممبئی باڈی الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔این سی پی ممبر اسمبلی کرن پاوسکرنے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ دونوں اتحادی جماعتیں یہ بھول گئی ہیں کہ عوام نے انہیں حکومت کرنے کیلئے مینڈیٹ دیا ہے، ہنگامہ کرنے کیلئے نہیں۔آئے دن اختلاف اور لوگوں کی طرف سے سامنا کئے جانے والے مسائل کا کوئی حل نہیں نکلنے کی وجہ سے عوام کا حکومت کے ادارے میں اعتماد کھو رہا ہے۔اگر یہ جاری رہا تو لوگوں کاجمہوریت میں اعتماد کھو جائے گا۔